ریلوے پولیس کراچی ڈویژن نے دیانت داری اور فرض شناسی کی قابلِ تقلید مثال قائم کرتے ہوئے ایک مسافر کی تقریباً 38 لاکھ روپے کی رقم مکمل طور پر بحفاظت واپس کر دی۔
ذرائع کے مطابق محسن مشتاق نامی مسافر پاکستان ایکسپریس کے ذریعے کراچی سے ٹوبہ ٹیک سنگھ جا رہا تھا کہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر کسی ذاتی ضرورت کے تحت عارضی طور پر ٹرین سے اترا، اسی دوران ٹرین روانہ ہو گئی اور اس کا بیگ، جس میں خطیر نقدی موجود تھی، بوگی میں رہ گیا۔
بعد ازاں دورانِ ڈیوٹی کانسٹیبل راؤ شریف کو رواں ٹرین میں لاوارث بیگ ملا جسے انہوں نے فوری طور پر تحویل میں لے کر متعلقہ حکام کو اطلاع دی، جبکہ مسافر نے دوسری جانب ریلوے پولیس تھانے میں اپنے سامان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔
ریکارڈ کی جانچ کے بعد تصدیق ہوئی کہ بیگ ریلوے پولیس کے پاس محفوظ ہے۔ ایس ایچ او کی ہدایات پر کانسٹیبل راؤ شریف پاکستان ایکسپریس کے ساتھ روہڑی ریلوے اسٹیشن تک پہنچا جبکہ مسافر قراقرم ایکسپریس کے ذریعے وہاں پہنچا۔
روہڑی ہیلپ سینٹر پر سب انسپکٹر کی موجودگی میں بیگ کی شناخت، رقم کی مکمل گنتی اور تصدیق کے بعد تقریباً 38 لاکھ روپے بلا کسی کمی بیشی کے مسافر کے حوالے کر دیے گئے۔
رقم اور سامان واپس ملنے پر محسن مشتاق نے ریلوے پولیس کے پیشہ ورانہ کردار اور ایمانداری کو سراہتے ہوئے تشکر کا ویڈیو پیغام بھی جاری کیا۔



