لاہور میں ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول اتھارٹی پنجاب نے عوامی صحت کے پیش نظر اہم اقدام کرتے ہوئے آٹھ مختلف ادویات کے مخصوص بیچز کی فروخت فوری طور پر روکنے اور انہیں واپس لینے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق اگر ڈیلرز، ہول سیلرز یا ریٹیلرز کے پاس ان ادویات کے متعلقہ بیچز موجود ہیں تو انہیں فوری طور پر فروخت سے ہٹا کر واپس کیا جائے۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان ادویات کے بیچز لیبارٹری ٹیسٹنگ کے دوران معیار پر پورا نہیں اترے، جن میں ناقص تیاری، ملاوٹ، غیر معیاری بیچز اور قوانین کے برعکس غلط لیبلنگ جیسے نقائص سامنے آئے ہیں۔
حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ اگر یہ ادویات استعمال کی جا رہی ہوں تو فوری طور پر ان کا استعمال بند کر دیا جائے، کیونکہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پنجاب کے مطابق جن آٹھ ادویات کو ناقابل فروخت قرار دیا گیا ہے ان میں آنکھوں کے محلول، گولیاں اور انجیکشن شامل ہیں، جن کے مخصوص بیچ نمبرز بھی جاری کیے گئے ہیں تاکہ شناخت میں آسانی ہو سکے۔
اتھارٹی نے فارمیسیز، تھوک فروشوں اور ڈسٹری بیوٹرز کو پابند کیا ہے کہ وہ ان ادویات کا مکمل اسٹاک ریکارڈ متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو فراہم کریں اور کسی بھی صورت فروخت جاری نہ رکھیں۔
دوسری جانب ماہرین صحت نے موجودہ موسمی حالات کے تناظر میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا ہے، جس میں نزلہ زکام کے مریضوں سے فاصلہ رکھنا، ہاتھ ملانے سے گریز اور ماسک کا استعمال شامل ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ متوازن غذا اور قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے سے موسمی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔
1. Product: Ophthalmic Solution Batch No. OMV190171
2. Product: Film Coated Tablet Cetfin 10 mg Batch No.CT60
3. Product: Film Coated Tablet Cenex 10 mg Batch No. 422
4. Product: Injection Isobaj 10 mL Batch No. IB-1125
5. Product: Injection Neocobal Batch No.S-2901
6. Product: Tablet Megadip 5 mg Batch No.25F278
7. Product: Injection Kamedex 1 mL Batch No.DX-2485
8. Product: Enteric Coated Tablet Ascard-75 Batch No. AR049L



