پائلٹ کے فیصلے نے صورتحال کو انتہائی سنگین بنا دیا، جس کے نتیجے میں انڈیگو ایئرلائنز کی پرواز عین روانگی سے قبل منسوخ کر دی گئی اور 179 مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وارانسی کے لال بہادر شاستری انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کولکاتہ جانے والی انڈیگو کی پرواز منگل کے روز شدید دھند کے باعث غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوئی۔ یہ پرواز مقررہ وقت دوپہر ایک بجے کے بجائے شام پانچ بجے ایئرپورٹ پہنچی۔
طویل تاخیر کے باعث پائلٹ اور فضائی عملے نے اپنی ڈیوٹی مکمل ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے پرواز آپریٹ کرنے سے انکار کر دیا، حالانکہ تمام 179 مسافر بورڈنگ پاس حاصل کر چکے تھے۔ نتیجتاً مسافروں کو رات بھر ہوٹل میں قیام کرنا پڑا۔
مسافروں نے بروقت چیک اِن مکمل کیا تھا اور وہ ویٹنگ ایریا میں پرواز کے اعلان کے منتظر تھے، مگر اچانک فلائٹ کی منسوخی نے صورتحال کو کشیدہ بنا دیا۔ اس فیصلے پر مسافروں میں شدید غم و غصہ پایا گیا اور ایئرپورٹ پر احتجاج بھی دیکھنے میں آیا۔
ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق حفاظتی اصولوں کے تحت تھکے ہوئے پائلٹ سے پرواز کروانا ممکن نہیں ہوتا، کیونکہ ’ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشن‘ کے قوانین پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔ اس وقت متبادل پائلٹ یا عملہ دستیاب نہ ہونے کے باعث پرواز کو گراؤنڈ کرنا ناگزیر ہو گیا۔
بعد ازاں ایئرلائن نے اگلے دن متبادل انتظامات کے ذریعے مسافروں کو کولکاتہ روانہ کیا، تاہم اس اچانک فیصلے نے مسافروں کو ذہنی اور جسمانی طور پر شدید اذیت میں مبتلا کر دیا۔



