گھر میں کھڑی گاڑی شہری کے لیے مسئلہ بن گئی، 25 دن میں دو ای چالان

Facebook
WhatsApp
Twitter
LinkedIn

کراچی (26 دسمبر 2025):
ای چالان سسٹم میں مبینہ تکنیکی خرابی کے باعث کراچی کے ایک شہری کو اس وقت شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب اسے 25 روز کے اندر اندر دو ای چالان موصول ہو گئے، حالانکہ اس کی گاڑی طویل عرصے سے گھر میں کھڑی تھی۔

کراچی میں ای چالان نظام کو نافذ ہوئے تقریباً تین ماہ گزر چکے ہیں، تاہم آئے دن سامنے آنے والے واقعات اس نظام کی مؤثریت پر سوالات کھڑے کر رہے ہیں۔

حالیہ واقعے میں ایک شہری کو سیٹ بیلٹ نہ پہننے کے الزام میں دو الگ الگ ای چالان جاری کیے گئے، جن میں ہر چالان کی رقم 10 ہزار روپے درج ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ متاثرہ شہری کے مطابق اس کی گاڑی کافی عرصے سے زیرِ استعمال نہیں اور گھر پر ہی پارک ہے۔

شہری نے بتایا کہ اس کی گاڑی 1987 ماڈل ہے، جبکہ ای چالان کے ساتھ موصول ہونے والی تصاویر میں دکھائی دینے والی گاڑی بالکل نئی معلوم ہوتی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ معاملہ نمبر پلیٹ کی جعلسازی کا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جس گاڑی کی تصاویر ای چالان میں شامل کی گئیں، اس پر جعلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، جو مختلف صوبوں میں استعمال کی جا رہی تھی۔ مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر نئی گاڑی پر پرانی گاڑی کی نمبر پلیٹ لگا کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق پہلا ای چالان 23 نومبر کو پنجاب چورنگی کے قریب جاری کیا گیا، جبکہ دوسرا چالان 18 دسمبر کو حب ٹول پلازہ سے گزرنے کے دوران کیا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دونوں مواقع پر گاڑی چلانے والا شخص ایک ہی تھا۔

متاثرہ شہری نے معاملے پر متعلقہ حکام سے رابطہ کیا، جس پر پولیس نے اسے تحریری درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی ہے تاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے