بحرین ٹورنامنٹ کے واقعے پر جنرل کونسل کا فیصلہ، ڈسپلنری کارروائی اور اپیل کا حق برقرار
پاکستان کبڈی فیڈریشن نے بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنے اور بھارتی جھنڈا لہرانے کے معاملے پر پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللہ راجپوت پر پابندی عائد کر دی ہے، یہ فیصلہ لاہور میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں چیئرمین چوہدری شافع حسین کی زیرِ صدارت کیا گیا، جہاں جنرل کونسل نے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد پابندی کی منظوری دی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ عبیداللہ راجپوت کو اس پابندی کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہوگا اور ان کا کیس پہلے ہی ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کیا جا چکا تھا، جبکہ مستقبل میں کسی بھی کھلاڑی کو فیڈریشن کے این او سی کے بغیر بیرونِ ملک کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں بحرین میں ہونے والے ایک ٹورنامنٹ میں عبیداللہ راجپوت کی بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنے، بھارتی جرسی پہننے اور میدان میں بھارتی جھنڈا لہرانے کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی، جس کے بعد پاکستان کبڈی فیڈریشن نے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کیا۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور کے مطابق یہ پاکستان کی قومی ٹیم نہیں تھی بلکہ ایک خود ساختہ ٹیم تھی، جس کے لیے نہ فیڈریشن سے اجازت لی گئی اور نہ ہی کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیا گیا، جبکہ قومی کھلاڑی کا غیر ملکی ٹیم کی نمائندگی کرنا اور جھنڈا لہرانا ناقابلِ قبول ہے۔
دوسری جانب عبیداللہ راجپوت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ ٹیموں کے نام انڈیا اور پاکستان رکھے جائیں گے، اگر ان کے عمل سے کسی کا دل دکھی ہوا ہے تو وہ اپنی فیڈریشن، اساتذہ اور چاہنے والوں سے معذرت کرتے ہیں۔



