فیصل آباد میں ایک نجی چلڈرن اسپتال میں ڈاکٹروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین سالہ بچے کے گلے میں پھنسا ہوا تالا کامیابی سے نکال لیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق بچے نے چار روز قبل کھیلتے ہوئے تالا نگل لیا تھا، جس کے بعد اس کی حالت بگڑنے لگی اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت پیدا ہو گئی۔
سانس رکنے کی علامات ظاہر ہونے پر بچے کو فوری طور پر چلڈرن اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے مکمل معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا۔
چلڈرن اسپتال کی ایچ او ڈی ڈاکٹر نگینہ شہزادی کے مطابق تالا بچے کے گلے میں بری طرح پھنسا ہوا تھا، جس کے باعث اس کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔
ڈاکٹر نگینہ شہزادی کا کہنا ہے کہ کامیاب آپریشن کے ذریعے تالا بحفاظت نکال لیا گیا، جس کے بعد بچے کی حالت میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر بروقت طبی امداد نہ دی جاتی تو صورتحال سنگین ہو سکتی تھی، تاہم ڈاکٹروں کی ٹیم کی فوری اور محتاط کارروائی سے بچے کی جان بچا لی گئی۔
اہلِ خانہ نے اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کی بروقت کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔



