کراچی میں سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں کچرا جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ایسے افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور گرفتاری بھی عمل میں لائی جا سکے گی۔
حکومت سندھ کی جانب سے یہ فیصلہ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا، جس میں شہر میں کچرا جلانے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جہاں بھی کچرا جلانے کی اطلاع ملے گی، وہاں ذمہ دار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں یومیہ 14 ہزار ٹن سے زائد کچرا پیدا ہوتا ہے، جبکہ صرف ضلع وسطی میں ہی روزانہ تقریباً تین ہزار ٹن کچرا جمع ہوتا ہے۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ٹاؤن چیئرمینز کی جانب سے کچرا جلانے کے متعدد واقعات کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔
ان کے مطابق وزیر بلدیات نے واضح ہدایات دی ہیں کہ کچرا جلانے کے واقعات پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ کچرا جلانے سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے، جو شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتا ہے، اسی لیے اس عمل کو روکنا ناگزیر ہو چکا ہے۔



