ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کے میچز بھارت سے مکمل طور پر منتقل ہونے کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں، تاہم بھارت کے اندر ہی میچز کے وینیوز تبدیل کرنے کا آپشن زیر غور آ گیا ہے۔
بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان اس معاملے پر مسلسل مشاورت جاری ہے، تاہم دونوں فریقین کے مؤقف میں واضح اختلاف برقرار ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے میچز کے لیے بھارت میں چنائی اور تھیرووننتھاپورم کو متبادل وینیوز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کے باعث اپنے تمام میچز سری لنکا منتقل کرنے کا باضابطہ مطالبہ کر رکھا ہے، جس پر آئی سی سی نے متبادل انتظامات پر غور ضرور کیا ہے، تاہم میچز کے سری لنکا منتقل ہونے کا امکان محدود بتایا جا رہا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے تامل ناڈو اور کیرالا کرکٹ ایسوسی ایشن سے رابطہ کیا ہے تاکہ بنگلہ دیش کے میچز کے لیے بھارت میں محفوظ اور موزوں مقامات کا تعین کیا جا سکے۔
شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کے میچز 7، 9 اور 14 فروری کو کولکتہ جبکہ 17 فروری کو ممبئی میں رکھے گئے ہیں، تاہم حالیہ صورتحال کے بعد ان مقامات میں تبدیلی پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی انتہا پسند گروہوں کے دباؤ کے بعد بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمیئر لیگ سے ریلیز کرنے کا فیصلہ سامنے آیا تھا، جس کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا۔
صورتحال پر حتمی فیصلہ آئی سی سی کی جانب سے متوقع ہے، جس پر ورلڈکپ کے شیڈول اور انتظامات کا انحصار ہوگا۔



