چین نے ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کے شعبے میں ایک نئی اور اہم پیش رفت کر لی ہے، جہاں سورج کی شعاعوں اور نمک کے امتزاج سے بجلی بنانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق چین کے صوبہ گانسو کے ایک شہر میں جدید شمسی نظام کے تحت ہزاروں عکس نما شمسی آئینے سورج کی روشنی کو ایک مرکزی ٹاور پر مرکوز کرتے ہیں۔
ان شمسی شعاعوں کی مدد سے نمک کو انتہائی درجہ حرارت تک گرم کیا جاتا ہے، جس سے پیدا ہونے والی حرارت کو محفوظ کر کے بجلی بنانے کے عمل میں استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ حرارت اسٹیم ٹربائنز کو چلانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی پیدا ہوتی ہے اور توانائی کا تسلسل برقرار رہتا ہے۔
چینی حکام کے مطابق یہ نظام تقریباً 80 ہزار گھروں کو بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ منصوبہ نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب ایک اہم قدم بھی تصور کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ دنیا کے جدید ترین شمسی توانائی منصوبوں میں شامل کیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں دیگر ممالک کے لیے بھی مثال بن سکتا ہے۔



