اسلام آباد: پاکستان کے توانائی شعبے کیلئے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے ضلع کوہاٹ میں تیل اور گیس کے ایک نئے بڑے ذخیرے کی دریافت کا اعلان کر دیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق براگزئی ایکس ون کنویں سے یومیہ تقریباً 3 ہزار 100 بیرل خام تیل جبکہ 81 لاکھ مکعب فٹ سے زائد قدرتی گیس حاصل ہونے کی توقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ دریافت گزشتہ ایک ماہ کے دوران نشپا بلاک میں ہونے والی مسلسل تیسری بڑی کامیابی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ حالیہ تینوں دریافتوں سے مجموعی طور پر یومیہ 9 ہزار 480 بیرل خام تیل کی پیداوار ممکن ہو رہی ہے، جو ملکی تیل کی مجموعی پیداوار میں تقریباً 14.5 فیصد اضافہ ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق ان دریافتوں سے نہ صرف مقامی توانائی وسائل کو فروغ ملے گا بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کی توانائی سلامتی کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل تصور کی جا رہی ہے۔



