ماں اور بیٹی کی موت مجرمانہ غفلت ہے، پنجاب میں ہر جان قیمتی ہے: مریم نواز

Facebook
WhatsApp
Twitter
LinkedIn

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیوریج لائن میں ماں اور بچی کی ہلاکت محض حادثہ نہیں بلکہ سنگین مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایک ایک جان قیمتی ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

لاہور واقعے پر اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جہاں کہیں بھی کھلی سیوریج یا گٹر لائن پائی گئی، وہاں کے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کمشنر لاہور، ایم ڈی واسا اور ڈی جی ایل ڈی اے کو اس غفلت پر جوابدہ ہونا پڑے گا اور ذمہ دار افسران کو سزا دی جائے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ بتایا جائے کہ ٹیپا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور پروجیکٹ منیجر کہاں ہیں اور اب تک انہیں گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق اس واقعے میں کنٹریکٹر، نیسپاک کے سپروائزر، ایل ڈی اے اور ٹیپا سب برابر کے قصور وار ہیں، جبکہ کمشنر لاہور، ڈی سی اور واسا کی ذمہ داری بھی واضح طور پر بنتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان کو سہولت فراہم کرنے کے بجائے انہیں چور اور ڈاکو بنا کر تھانے لے جایا گیا، جو انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں بیوی کے ذاتی تعلقات سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، اصل مسئلہ انسانی جانوں کا ضیاع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے اس واقعے کو دبانے کی کوشش کی گئی اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ جیسے کوئی حادثہ پیش ہی نہیں آیا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق حکومت کو جو معلومات موصول ہوئیں، وہی متعلقہ وزرا تک پہنچائی گئیں، اس میں کسی قسم کی بدنیتی شامل نہیں تھی۔

مریم نواز نے واضح کیا کہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور پنجاب میں عوام کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے