آسٹریلیا کے سابق کرکٹر عثمان خواجہ نے پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے بولنگ ایکشن کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے ’چکنگ‘ کے تاثر کو مسترد کر دیا ہے۔
یہ معاملہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اس وقت سامنے آیا جب آسٹریلوی بیٹر کیمرون گرین آؤٹ ہونے کے بعد پویلین واپس جاتے ہوئے عثمان طارق کے بولنگ ایکشن کی نقل کرتے ہوئے ’چکنگ‘ کا اشارہ کرتے دکھائی دیے۔
یہ واقعہ آسٹریلیا کی اننگز کے 11ویں اوور کی آخری گیند پر پیش آیا، جب عثمان طارق نے کیمرون گرین کو آؤٹ کیا۔ اس حرکت کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی۔
اس حوالے سے عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں کسی بولر کو ’چکر‘ کہلانے سے زیادہ بری بات شاید ہی کوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ عثمان طارق کا بولنگ ایکشن دو مرتبہ کلیئر قرار دیا جا چکا ہے، اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ وہ نقطہ نظر کو سمجھیں اور جلد بازی میں کسی نتیجے پر نہ پہنچیں۔
عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ بغیر مکمل معلومات کے الزامات لگانا نہ صرف غلط ہے بلکہ ایک کھلاڑی کے کیریئر پر بھی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔



