ایئر انڈیا کے ایک اور طیارے میں تکنیکی خرابی سامنے آ گئی ہے، جس کے بعد ایئر لائن نے احتیاطی اقدام کے طور پر اپنے بوئنگ 787-8 طیارے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا ہے۔
ایئر انڈیا کے مطابق پیر کے روز ایک پائلٹ نے پرواز کے دوران فیول کنٹرول سوئچ میں ممکنہ خرابی کی نشاندہی کی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو سروس سے ہٹا لیا گیا۔ ایئر لائن کا کہنا ہے کہ یہ قدم مکمل طور پر مسافروں کی حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔
ایئر انڈیا کے ترجمان نے کہا کہ
“حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اسی لیے طیارے کو فوراً گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور بوئنگ کو اس مسئلے کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے طلب کر لیا گیا ہے تاکہ پائلٹ کے خدشات کو دور کیا جا سکے۔”
ایئر لائن نے اس معاملے کی اطلاع بھارت کے ایوی ایشن ریگولیٹر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) کو بھی دے دی ہے اور کہا ہے کہ جائزہ مکمل ہونے تک تمام حفاظتی پروٹوکولز پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
ایئر انڈیا نے وضاحت کی ہے کہ اس سے قبل ڈی جی سی اے کی ہدایات پر اپنے پورے بوئنگ 787 فلیٹ میں فیول کنٹرول سوئچز کا معائنہ کیا گیا تھا، جس دوران کسی خرابی کی نشاندہی نہیں ہوئی تھی۔ تاہم تازہ واقعے کے بعد دوبارہ تفصیلی جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ایئر لائن کا کہنا ہے کہ جیسے ہی تکنیکی جائزہ مکمل ہوگا، طیارے کو دوبارہ سروس میں شامل کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔



