کینیڈا میں ایئر انڈیا کے ایک پائلٹ کو مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ہونے پر طیارے سے اتار دیا گیا، جس کے باعث ایک بین الاقوامی پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ کینیڈا کے شہر وینکوور میں پیش آیا، جہاں ایئر انڈیا کی بین الاقوامی پرواز اے آئی 186 ٹیک آف سے قبل تیاری کے مراحل میں تھی۔
ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر موجود عملے کے ایک رکن نے پائلٹ کو شراب خریدتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملنے پر کینیڈین حکام نے پائلٹ کا معائنہ کیا اور شراب کی بو محسوس ہونے پر اس کا بریتھ اینالائزر ٹیسٹ کیا گیا۔
ٹیسٹ کے نتائج میں پائلٹ مقررہ حفاظتی معیار پر پورا نہ اتر سکا، جس کے بعد اسے فوری طور پر طیارے سے اتار کر مزید تفتیش کے لیے حکام کی تحویل میں لے لیا گیا۔
ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق ایئرلائن کے حفاظتی ضوابط کے تحت فوری طور پر متبادل پائلٹ کا انتظام کیا گیا، تاہم نئے پائلٹ کی تعیناتی میں وقت لگنے کے باعث پرواز مقررہ وقت پر روانہ نہ ہو سکی۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک متعلقہ پائلٹ کو عارضی طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنانے اور عالمی ایوی ایشن قوانین پر عمل درآمد کے تحت کیا گیا۔



