لاہور (4 فروری 2026):
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے غریب اور بے روزگار عوام کے لیے ایک بڑے اور انقلابی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ کے نام سے نیا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 2.5 لاکھ ایکڑ سرکاری اراضی مفت فراہم کی جائے گی۔
راجن پور میں الیکٹرو بس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت بے روزگار اور غریب افراد کو 3 سے 5 ایکڑ زرعی زمین الاٹ کی جائے گی تاکہ وہ خود کاشتکاری کر کے باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ منصوبے میں شامل کاشتکاروں کو کسان کارڈ بھی فراہم کیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ کھاد، بیج اور پیسٹی سائیڈ سمیت زرعی اشیاء حاصل کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد غریب طبقے کو خود کفیل بنانا ہے۔
خطاب کے دوران مریم نواز نے ہر تحصیل میں سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے اور صوبے کی تمام تحصیلوں میں ایک سال کے اندر گرین بس سروس شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ لوگ راجن پور کو پنجاب کا آخری ضلع کہتے ہیں، لیکن ان کے نزدیک پنجاب کا آغاز راجن پور سے ہوتا ہے۔ انہوں نے بلوچ پگڑی، چادر اور ٹوپی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بھی لاہور کی طرح جدید الیکٹرو بس چل رہی ہے جبکہ 12 ارب روپے کی لاگت سے 72 سڑکوں کی تعمیر جاری ہے۔



