سیکیورٹی خدشات کے باعث بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی، فیصلہ حتمی

Facebook
WhatsApp
Twitter
LinkedIn

سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے بھارت نہ جانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔

ڈھاکا میں منعقد ہونے والے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اہم اجلاس میں کھلاڑیوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیرِ کھیل آصف نذرل نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش اپنی ٹیم کو بھارت نہیں بھیجے گا۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے تحفظات حقیقی اور سنجیدہ نوعیت کے ہیں، تاہم آئی سی سی نے ان خدشات کو مناسب اہمیت نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اور بھارتی حکام نے اس معاملے میں منصفانہ رویہ اختیار نہیں کیا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے بھی فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی اجلاس میں ہونے والی گفتگو نے انہیں حیران اور پریشان کر دیا۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ ورلڈ کپ دیکھنے والے تقریباً 20 کروڑ شائقین کو متاثر کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں بنگلہ دیش کی جانب سے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی اور بی سی بی کو فیصلہ کرنے کیلئے صرف ایک دن کی مہلت دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے خلاف بھارت میں حالیہ احتجاج اور آئی پی ایل سے ایک بنگلہ دیشی فاسٹ بولر کی برطرفی کے بعد سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں بی سی بی نے بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے