بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بنگلادیشی بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہنگامی میٹنگ آج دوپہر منعقد ہوئی، جس میں بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق حالیہ پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا، جس کے بعد بورڈ آف گورنرز نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ بنگلادیش کی قومی ٹیم بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔
بورڈ کے مطابق اس فیصلے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے، اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو توقع ہے کہ آئی سی سی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد اپنا مؤقف واضح کرے گا۔
دوسری جانب بنگلادیش کے مشیر برائے کھیل نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلادیش ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت نہیں جائے گا، اور یہ فیصلہ آج باضابطہ طور پر کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا خیرمقدم کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ حالیہ حالات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی پی ایل میں فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ریلیز کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات ورلڈ کپ کے معاملات تک پہنچ گئے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، اور بنگلادیش کے متعدد میچز بھارت میں کھیلے جانے تھے۔



