مستفیض الرحمان تنازع: بنگلادیش ورلڈکپ میچز سری لنکا منتقل کرنے پر غور

Facebook
WhatsApp
Twitter
LinkedIn

آئی پی ایل سے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ریلیز کیے جانے کے معاملے کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت میں شیڈولڈ اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کے آپشن پر غور شروع کر دیا ہے۔

بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے مستفیض الرحمان کے معاملے پر فوری مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، جس میں انڈین پریمیئر لیگ سے ان کی ریلیز اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ مشاورت ہنگامی نوعیت کی ہے اور اس کا مقصد کرکٹرز کی سکیورٹی اور تحفظ سے متعلق خدشات کا جائزہ لینا ہے۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کا کہنا ہے کہ فوری بورڈ میٹنگ بلانا ممکن نہیں، تاہم اعلیٰ سطح پر مشاورت جاری ہے تاکہ تمام حقائق سامنے آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ کی اولین ترجیح کھلاڑیوں کی حفاظت اور سکیورٹی ہے اور اس معاملے پر متعلقہ اداروں سے بھی رابطے میں ہیں۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق بی سی بی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران سکیورٹی معاملات پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بات کرے گا اور کسی بھی قسم کے سمجھوتے سے گریز کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی نہ کرائی گئی تو بنگلادیش اپنے ورلڈکپ میچز سری لنکا میں کھیلنے کا آپشن بھی برقرار رکھے گا۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، جس میں بنگلادیش گروپ سی میں شامل ہے اور اس کے زیادہ تر میچز بھارت میں رکھے گئے ہیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے