انگلینڈ کے شہر بریڈ فورڈ میں واقع ایک مسجد میں نمازیوں کی جسمانی صحت کو بہتر بنانے کے لیے فٹنس کلاسز کا اہتمام کیا گیا ہے، جسے مقامی افراد کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
مسجد انتظامیہ کے مطابق روزانہ بڑی عمر کے شہری مسجد میں جمع ہو کر باقاعدہ ورزش کرتے ہیں، جس کے بعد وہ خود کو زیادہ توانا اور متحرک محسوس کرنے لگے ہیں۔
شرکاء کا کہنا ہے کہ فٹنس سرگرمیوں سے نہ صرف ان کی جسمانی صحت بہتر ہو رہی ہے بلکہ ذہنی سکون میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق فٹنس کلاس میں شرکت کرنے والوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، جس کے باعث اس پروگرام کو مزید منظم انداز میں جاری رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
مسجد انتظامیہ نے بتایا ہے کہ جلد خواتین کے لیے بھی علیحدہ فٹنس کلاسز شروع کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے لیے خواتین انسٹرکٹر کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کمیونٹی کو صحت مند طرزِ زندگی کی جانب راغب کرنا ہے، تاکہ مسجد صرف عبادت گاہ ہی نہیں بلکہ فلاحی سرگرمیوں کا مرکز بھی بن سکے۔



