راولپنڈی: گلگت بلتستان کے دشوار گزار علاقے برزل پاس پر برف ہٹانے کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں پاک فوج کے ایک افسر سمیت تین افراد شہید ہو گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 2 اور 3 جنوری کی درمیانی شب برزل پاس پر شدید برف باری کے باعث راستے کھلنے کے لیے برف ہٹانے کا آپریشن جاری تھا، تاکہ علاقے میں فوجی نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ آپریشن بھاری مشینری کی مدد سے کیا جا رہا تھا، جس کی قیادت 28 سالہ کیپٹن عصمد کر رہے تھے، جو لاہور کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 3 جنوری کو رات تقریباً 2 بجے اچانک ایک برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن عصمد، دو فوجی جوان اور ایک سول مشین آپریٹر پی ڈبلیو ڈی برف تلے دب گئے۔
شدید موسم اور انتہائی دشوار حالات کے باوجود فوری اور بھرپور ریسکیو آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں چاروں افراد کو برف کے نیچے سے نکال لیا گیا۔
تاہم کیپٹن عصمد، سپاہی رضوان عمر (32 سال، رہائشی اٹک) اور سول مشین آپریٹر عیسیٰ (رہائشی استور) شدید زخمی حالت میں جانبر نہ ہو سکے اور جامِ شہادت نوش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ شہداء نے نہایت سخت موسمی حالات میں ایک اہم اور مشکل آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تاکہ افواجِ پاکستان کی آپریشنل نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ قربانی پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے اس عزم کی واضح مثال ہے کہ وہ مادرِ وطن کے دفاع اور قومی فرائض کی ادائیگی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔
قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔



