بھارت کی ریاست اڑیسہ سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لڑکی پائل نے تمام جسمانی رکاوٹوں کے باوجود تیر اندازی کے کھیل میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے۔
پائل نے حالیہ قومی پیرا تیر اندازی مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی تمغے اپنے نام کیے، جس کے بعد انہیں دنیا کی پہلی ایسی تیر انداز قرار دیا جا رہا ہے جو بازوؤں اور ٹانگوں سے محروم ہونے کے باوجود اس سطح پر کامیاب ہوئیں۔
پائل کی زندگی 6 اپریل 2015 کو اس وقت یکسر بدل گئی جب وہ کھیلتے ہوئے 11 ہزار وولٹ کی ہائی وولٹیج پاور لائن سے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں وہ اپنے دونوں بازوؤں اور دونوں ٹانگوں سے محروم ہو گئیں۔
حادثے کے بعد انہیں ضلع کے مریبہل بلاک کے ایک گاؤں میں دادی یمنا بہل کی دیکھ بھال میں چھوڑ دیا گیا، کیونکہ ان کے والدین غربت کے باعث چھتیس گڑھ میں روزگار حاصل کرنے پر مجبور تھے۔
بعد ازاں دادی کے انتقال کے بعد پائل مکمل طور پر تنہا ہو گئیں، تاہم انہوں نے مایوسی کے بجائے ہمت کا راستہ اپنایا اور پیرا اسپورٹس سے وابستہ ہو کر تیر اندازی کو اپنا میدان منتخب کیا۔
مسلسل محنت، تربیت اور عزم کے ذریعے پائل نے نہ صرف خود کو منوایا بلکہ ہزاروں افراد کے لیے حوصلے اور امید کی علامت بن گئیں۔



