آئی سی سی کے تازہ اجلاس میں بنگلہ دیش نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بنگلہ دیش کو منانے میں ناکام رہی ہے۔ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے ساتھ ہونے والی حالیہ میٹنگ کے دوران بھارت میں کھیلنے سے واضح طور پر انکار کیا۔
ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی بورڈ حکام نے آئی سی سی کو آگاہ کیا کہ وہ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھارت کا سفر نہیں کریں گے اور ٹیم کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات بدستور برقرار ہیں۔
منگل کی سہ پہر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان ویڈیو لنک کے ذریعے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹورنامنٹ کے شیڈول، سیکیورٹی اور وینیوز پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
تاہم اجلاس کے دوران بنگلہ دیشی حکام نے اپنے مؤقف میں نرمی سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں بھارت میں میچز کھیلنا ممکن نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے متبادل وینیوز اور انتظامات پر بھی غور کیا، تاہم بنگلہ دیشی بورڈ نے اپنے میچز کسی تیسرے ملک میں منتقل کرنے کی تجویز پر زور دیا۔
اس فیصلے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شیڈول اور گروپس میں ممکنہ ردوبدل پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں، جبکہ آئی سی سی کو ایک بار پھر مشکل فیصلوں کا سامنا ہے۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق یہ صورتحال نہ صرف ٹورنامنٹ کے انتظامی ڈھانچے کے لیے چیلنج بن گئی ہے بلکہ عالمی کرکٹ سیاست میں بھی نئی کشیدگی کا باعث بن سکتی ہے۔



