سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے بنگلادیش کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا جھکاؤ واضح طور پر بھارت کی جانب زیادہ دکھائی دیتا ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی سب ممالک کیلئے ہے، یہ انڈین کرکٹ کونسل نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہے، جسے تمام رکن ممالک کے ساتھ یکساں رویہ اپنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا ٹیم نہ بھیجنے کا فیصلہ درست ہے اور اب آئی سی سی کو بروقت اور واضح فیصلہ کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق اگر بنگلادیش کے میچز بھارت میں ممکن نہیں تو انہیں کسی دوسرے ملک منتقل کیا جانا چاہیے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کرکٹرز ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں اور ہر ملک کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے ہاں کرکٹ ہو، تاہم موجودہ صورتحال میں کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے زیادہ اہم ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ چیئرمین آئی سی سی پر اب دباؤ بڑھ چکا ہے اور انہیں کرکٹ کے مفاد میں فیصلہ لینا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جے شاہ کرکٹ کو فروغ دینا چاہتے ہیں لیکن بھارتی حکومت کی جانب سے مکمل حمایت نہ ملنے کے باعث معاملات پیچیدہ ہو جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
بی سی بی کے مطابق اس معاملے پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا اور حکومت سے مشاورت کے بعد ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں بنگلادیشی ٹیم ٹورنامنٹ کیلئے بھارت کا سفر نہیں کرے گی اور آئی سی سی سے میچز کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔



