ورلڈ کپ سے قبل امریکی کرکٹر پر پابندی، آئی سی سی کا بڑا فیصلہ

Facebook
WhatsApp
Twitter
LinkedIn

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل امریکا کی کرکٹ ٹیم کے اہم بیٹر ایرون جونز کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ آئی سی سی اور کرکٹ ویسٹ انڈیز کے اینٹی کرپشن کوڈز کی مبینہ خلاف ورزیوں کے بعد کیا گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 31 سالہ ایرون جونز پر عائد زیادہ تر الزامات بِم 10 ٹورنامنٹ 2023–24 سے متعلق ہیں، جو کرکٹ ویسٹ انڈیز کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت آتا ہے، جبکہ دو الزامات انٹرنیشنل میچز سے متعلق ہیں جو آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں شامل ہیں۔

تحقیقات کے مطابق ایرون جونز پر میچ کے نتائج، پیش رفت یا طرزِ عمل کو غیر قانونی طور پر متاثر کرنے یا اس کی کوشش کرنے کے الزامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان پر اینٹی کرپشن حکام کو مشکوک رابطوں یا پیشکشوں کی بروقت اطلاع نہ دینے، تحقیقات میں مکمل تعاون نہ کرنے اور ممکنہ شواہد چھپانے جیسے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کا کہنا ہے کہ یہ الزامات ایک وسیع تر تحقیقات کا حصہ ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے تک ایرون جونز کسی بھی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے