بھارت نے ایک اور تنازع کھڑا کر دیا، پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو ویزے نہیں ملے

Facebook
WhatsApp
Twitter
LinkedIn

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل بھارت ایک بار پھر کھیل اور سیاست کے امتزاج پر تنقید کی زد میں آ گیا ہے، جہاں امریکی کرکٹ ٹیم میں شامل پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو بھارتی ویزوں کے اجرا میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت نے اب تک امریکی ٹیم کے متعدد پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ کے لیے ویزے جاری نہیں کیے، جس کے باعث ٹیم کی تیاریوں اور شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

امریکی صحافیوں کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر علی خان کو واضح طور پر ویزا دینے سے انکار کیا گیا ہے، جب کہ شایان جہانگیر، احسان عادل اور محمد محسن کے ویزوں پر بھی کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

کرکٹ حلقوں کا ماننا ہے کہ یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، اور ایونٹ کے آغاز میں چند ہی ہفتے باقی ہیں۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کی جانب سے بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کا معاملہ پہلے ہی آئی سی سی کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج بنا ہوا ہے، اور اب امریکی ٹیم کے ویزا مسائل نے عالمی ادارے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق آئی سی سی اس صورتحال پر مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے، تاہم بھارتی حکام کی جانب سے تاحال کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے شروع ہو گا اور 8 مارچ تک جاری رہے گا، جس میں پہلی مرتبہ 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر ویزا تنازع حل نہ ہوا تو یہ معاملہ نہ صرف ٹورنامنٹ کی شفافیت بلکہ عالمی کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے