محکمہ موسمیات نے بسنت کے موقع پر لاہور میں خوشگوار اور معتدل موسم کی نوید سنا دی ہے، جس سے شہری کھلے دل کے ساتھ تہوار منا سکیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بسنت کے دن لاہور میں موسم خوشگوار رہے گا اور سازگار ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جو بسنت کے رنگا رنگ ماحول کو مزید دلکش بنا دیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد خان کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہوا کا رخ اور رفتار تہوار کے لیے موزوں رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران دن کے وقت درجۂ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے، جبکہ رات کے اوقات میں موسم معتدل رہے گا۔ اس کے برعکس آئندہ جمعہ کے روز راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث بسنت کے دوران شہری بلا خوف و خطر پتنگ بازی اور دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔



