پاکستان، آسٹریلیا ٹی 20 سیریز: فزیکل ٹکٹس کی فروخت شروع، قیمت اور تفصیلات سامنے آ گئیں
لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹی 20 سیریز کے لیے فزیکل ٹکٹس کی فروخت کا آغاز ہو گیا ہے، جس پر کرکٹ شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ میچز کے فزیکل ٹکٹس ایک نجی کوریئر کمپنی کے نامزد کاؤنٹرز سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹکٹس کی فروخت کے پہلے روز تکنیکی مسائل کے باعث شائقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ سسٹم کی سست روی کے باعث طویل انتظار کرنا پڑا۔ اس کے باوجود بڑی تعداد میں کرکٹ فینز نے ٹکٹس خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
آن لائن بکنگ کرنے والوں کے لیے بھی سہولت
رپورٹس کے مطابق 16 جنوری سے ٹکٹس کی آن لائن فروخت جاری ہے، جبکہ آن لائن بکنگ کروانے والے شائقین بھی اپنے فزیکل ٹکٹس حاصل کر سکتے ہیں۔ فزیکل ٹکٹس کی باقاعدہ فروخت گزشتہ روز سے شروع کی گئی ہے۔
ٹکٹس کی قیمت اور میچ شیڈول
ٹی 20 سیریز کے لیے ٹکٹس کی قیمت 400 روپے سے شروع ہوتی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی 20 میچز 29 اور 31 جنوری جبکہ یکم فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
میچ ٹائمنگ میں تبدیلی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے میچز کے اوقات میں تبدیلی کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ اب تمام میچز مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوں گے جبکہ ٹاس ساڑھے 3 بجے ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل میچز شام 6 بجے شروع ہونے تھے اور ٹاس شام 5 بج کر 30 منٹ پر شیڈول تھا۔ پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ شائقین اور کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔



