-
پاکستان نے عالمی زرعی منڈی میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے چاول برآمد کرنے والے دنیا کے بڑے ممالک میں نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے۔
بین الاقوامی تجزیوں کے مطابق 2026 کے آغاز پر پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا چاول برآمدکنندہ ملک بن چکا ہے، جس نے کئی روایتی برآمدکنندگان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 کے دوران پاکستانی چاول کی برآمدات میں 14 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں باسمتی چاول کی برآمدات میں 50 فیصد سے زائد اضافہ خاص طور پر نمایاں رہا۔
رپورٹس کے مطابق صرف دسمبر کے مہینے میں پاکستان نے تقریباً 4 لاکھ 89 ہزار ٹن چاول عالمی منڈیوں میں برآمد کیے، جبکہ اسی عرصے میں ویتنام کی برآمدات 3 لاکھ 87 ہزار ٹن تک محدود رہیں، جس کے باعث پاکستان نے عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستانی چاول کی سب سے زیادہ برآمدات متحدہ عرب امارات، چین، تنزانیہ، کینیا اور آئیوری کوسٹ کو کی گئیں، جہاں پاکستانی باسمتی اور دیگر اقسام کے چاول کو اعلیٰ معیار کی وجہ سے بھرپور پذیرائی ملی۔
ماہرین کے مطابق چاول کی برآمدات میں یہ اضافہ ملکی زرِمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور زرعی شعبے کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ کسانوں اور برآمدکنندگان کے لیے یہ ایک حوصلہ افزا پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔



