پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کے اعلان کے بعد یہ سوال سامنے آ رہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کے قوانین اس حوالے سے کیا کہتے ہیں اور اس فیصلے کے پاکستان پر کیا اثرات پڑ سکتے ہیں۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے قوانین کے مطابق اگر کوئی ٹیم کسی میچ میں میدان میں اترنے سے انکار کرتی ہے تو اسے نہ صرف دو پوائنٹس سے محروم ہونا پڑتا ہے بلکہ نیٹ رن ریٹ بھی شدید متاثر ہوتا ہے۔ اس صورت میں مخالف ٹیم کو مکمل دو پوائنٹس مل جاتے ہیں اور اس کا نیٹ رن ریٹ برقرار رہتا ہے۔
آئی سی سی قوانین کی شق 16.10.7 کے مطابق اگر کوئی ٹیم میچ کھیلنے سے انکار کرے تو اس ٹیم کے نیٹ رن ریٹ کا حساب ایسے لگایا جاتا ہے جیسے اس ٹیم نے پورے 20 اوورز بیٹنگ کی ہو لیکن کوئی رن نہ بنایا ہو۔ اس صورتحال میں نیٹ رن ریٹ پر انتہائی منفی اثر پڑتا ہے۔
یعنی اگر پاکستان بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلتا تو یہ تصور کیا جائے گا کہ پاکستان نے 20 اوورز کھیلے اور صفر رنز بنائے، جس سے پوائنٹس ٹیبل میں اس کی پوزیشن کمزور ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہو رہا ہے اور پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا، دوسرا میچ 10 فروری کو امریکا، تیسرا میچ 15 فروری کو بھارت جبکہ چوتھا میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف شیڈول ہے۔



