بھارت کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک اہم پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد کرکٹ شائقین میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان پٹھان نے اسٹار اسپورٹس پر ایک پروگرام کے دوران اپنی پسندیدہ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا انتخاب کیا، جس میں انہوں نے پاکستان کو بھی شامل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم بڑے ایونٹس میں دباؤ کے باوجود اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
عرفان پٹھان کے مطابق دیگر ممکنہ سیمی فائنلسٹ ٹیموں میں آسٹریلیا، بھارت اور انگلینڈ شامل ہیں۔ اس پینل میں بھارت کے سابق کرکٹرز رابن اتھپا، انیل کمبلے، آکاش چوپڑا، چیتیشور پجارا، محمد کیف اور سریش رائنا بھی موجود تھے، جنہوں نے مختلف ٹیموں کے حوالے سے اپنی رائے دی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہوگا اور 8 مارچ تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو 55 میچز کھیلیں گی، جن میں سیمی فائنلز اور فائنل بھی شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق 20 ٹیموں کو پانچ پانچ ٹیموں کے چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں پہنچیں گی، جس کے بعد ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز ہوگا۔
پاکستان ٹیم گروپ اے میں شامل ہے، جہاں اسے بھارت، ہالینڈ، امریکا اور نمیبیا کا سامنا کرنا ہوگا۔ پاکستان کا افتتاحی میچ ہالینڈ کے خلاف کولمبو میں شیڈول ہے، جبکہ دوسرا میچ 10 فروری کو امریکا کے خلاف کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں ہوگا۔
تمام میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت سری لنکا میں کھیلے جائیں گے، جس کے باعث پاکستانی ٹیم کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا بہتر موقع ملے گا۔



