اسلام آباد:
ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی حمایت کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں بنگلادیش کے مؤقف کی مکمل تائید کی گئی ہے، جس میں سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں ورلڈ کپ میچز نہ کھیلنے کے فیصلے کو درست قرار دیا گیا ہے۔
پی سی بی نے نہ صرف آئی سی سی بلکہ اس کے بورڈ ممبران کو بھی خط کی کاپی ارسال کی، جس کے بعد آئی سی سی نے معاملے پر فوری طور پر بورڈ میٹنگ طلب کر لی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آج ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں بنگلادیش کے بھارت نہ جانے کے فیصلے اور اس کے ممکنہ اثرات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ تاہم، آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کے میچز کے وینیو میں فوری تبدیلی کے امکانات کم نظر آ رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے متبادل تجویز دیتے ہوئے بنگلادیش کے ورلڈ کپ میچز پاکستان میں کرانے کی پیشکش بھی کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پی سی بی نے بنگلادیش سے ورلڈ کپ میں شرکت کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کو بنیاد بناتے ہوئے بھارت جا کر ورلڈ کپ میچز کھیلنے سے انکار کیا ہے، اور آئی سی سی کے ساتھ جاری مذاکرات کے باوجود وہ تاحال اپنے مؤقف پر قائم ہے۔



