پی آئی اے نے مسافروں کیلئے ایک بڑی اور تاریخی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب ایک ہی ٹکٹ پر فضائی اور ریل سفر ممکن ہو گیا ہے۔
قومی ایئر لائن نے کینیڈا اور برطانیہ کی ریل سروسز کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے ایئر ٹو ریل سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی مسافروں کو زیادہ آسان اور مربوط سفر فراہم کرنا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ٹورنٹو پہنچنے والے مسافر اب کینیڈا کے 8 اہم شہروں تک جدید ریل سروس کے ذریعے مزید سفر کر سکیں گے۔
اسی طرح برطانیہ میں پی آئی اے مسافر 50 سے زائد شہروں تک ایسیس ریل سروس کے ذریعے باآسانی رسائی حاصل کر سکیں گے۔
پی آئی اے کے مطابق مشترکہ ایئر ٹو ریل ٹکٹ تمام بکنگ دفاتر، رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس، پی آئی اے کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے دستیاب ہوگا۔
اس اقدام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سفری سہولتوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مسافروں کے وقت، اخراجات اور سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔



