ورلڈکپ اور آسٹریلیا سیریز: پاکستان کے ممکنہ اسکواڈ کے نام سامنے آ گئے

Facebook
WhatsApp
Twitter
LinkedIn

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ پر حتمی مشاورت رواں ہفتے متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن دورۂ سری لنکا کے اختتام پر لاہور پہنچ رہے ہیں، جہاں اسکواڈ سے متعلق اہم مشاورت کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے کھلاڑی سری لنکا میں سیریز کھیلنے کے بعد آج وطن واپس پہنچ رہے ہیں، جس کے بعد ہیڈ کوچ اور کپتان سلمان علی آغا کی سلیکٹرز کے ساتھ تفصیلی مشاورت ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت مکمل ہونے کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی منظوری سے اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

پی سی بی پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ابتدائی کھلاڑیوں کے نام آئی سی سی کو بھجوا چکا ہے، تاہم 31 جنوری سے قبل بورڈ آئی سی سی کی اجازت کے بغیر اسکواڈ میں تبدیلی کا اختیار رکھتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، شاداب خان، بابر اعظم، فہیم اشرف، محمد نواز، عثمان خان اور ابرار احمد شامل ہیں۔

فاسٹ بولنگ کے شعبے میں شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، سلمان مرزا اور خواجہ نافع کے نام زیر غور ہیں۔

ذرائع کے مطابق عبدالصمد، محمد وسیم جونیئر اور عثمان طارق کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

حتمی فیصلے کے بعد پاکستان کا اسکواڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے تیار ہوگا، جس پر شائقین کرکٹ کی نظریں مرکوز ہیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے