پنجاب کے اسپتالوں میں باڈی کیمز لگانے کا بڑا فیصلہ

Facebook
WhatsApp
Twitter
LinkedIn

پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں سکیورٹی اور نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے اہم انتظامی فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت سکیورٹی گارڈز، وارڈ بوائز، نرسنگ اور فارمیسی اسٹاف کو باڈی کیم لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسپتالوں میں پیش آنے والے تنازعات، بدانتظامی اور شکایات کی مؤثر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ باڈی کیمز کے ذریعے مریضوں اور عملے کے درمیان ہونے والی گفتگو اور سرگرمیوں کا ریکارڈ دستیاب ہوگا، جس سے شکایات کی جانچ میں مدد ملے گی۔

ابتدائی مرحلے میں یہ منصوبہ بڑے سرکاری اسپتالوں میں متعارف کرایا جائے گا، جس کے بعد مرحلہ وار دیگر اضلاع کے اسپتالوں تک توسیع دی جائے گی۔

محکمہ صحت کے مطابق باڈی کیمز کے استعمال سے نہ صرف عملے کے طرزِ عمل میں بہتری آئے گی بلکہ مریضوں کے تحفظ اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیمروں کے استعمال سے متعلق واضح ضابطۂ اخلاق تیار کیا جا رہا ہے تاکہ مریضوں کی نجی معلومات اور رازداری کو محفوظ رکھا جا سکے۔

حکام کے مطابق ویڈیو ریکارڈنگ صرف شکایات، تحقیقات اور انتظامی مقاصد کے لیے استعمال کی جائے گی اور غیر ضروری رسائی کی اجازت نہیں ہوگی۔

طبی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اسپتالوں میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق منصوبے کی لاگت، ٹیکنیکل تفصیلات اور عملدرآمد کے شیڈول کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے