ٹیکنالوجی کی دنیا میں اس وقت ایک نئی بحث نے جنم لے لیا ہے جب ٹیسلا اور ایکس (X) کے مالک ایلون مسک نے مشہور میسجنگ ایپ واٹس ایپ کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ان کے اس بیان کے بعد صارفین میں تشویش اور سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ واٹس ایپ کو مکمل طور پر محفوظ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سگنل جیسی ایپس بھی مکمل سیکیورٹی کی ضمانت فراہم نہیں کرتیں۔ مسک نے صارفین کو اپنی کمپنی کی جانب سے پیش کی گئی ایکس چیٹ سروس استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔
ایلون مسک کے اس بیان کے بعد واٹس ایپ کی جانب سے بھی فوری ردِعمل سامنے آیا۔ واٹس ایپ انتظامیہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کی چیٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ ہوتی ہیں اور میٹا یا کوئی تیسرا فریق نجی پیغامات تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل پرائیویسی ایک حساس موضوع ہے اور بڑے ٹیک لیڈرز کے بیانات صارفین کے اعتماد پر براہِ راست اثر ڈال سکتے ہیں۔ اس معاملے پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں اور بحث کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔



