میکسیکو میں ایک پائلٹ نے پانچ ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر عین روانگی کے وقت طیارہ اڑانے سے انکار کر دیا، جس کے باعث درجنوں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ میکسیکو سٹی میں پیش آیا، جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پائلٹ نے جہاز میں سوار مسافروں سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ جب تک ایئرلائن انتظامیہ اس کے بقایا واجبات ادا نہیں کرتی، طیارہ پرواز نہیں کرے گا۔ تاہم اے ایف پی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی ہے۔
پائلٹ کا کہنا تھا کہ ایئرلائن پر اس کی پانچ ماہ کی تنخواہ اور سفری اخراجات واجب الادا ہیں۔ اس نے مسافروں کو بتایا کہ وہ تین بچوں کا باپ ہے اور مسلسل مالی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔
پائلٹ نے مزید کہا کہ اسے اس صورتحال پر مسافروں کے لیے افسوس ہے کیونکہ وہ اس تاخیر کے مستحق نہیں، اور یہ کہ وہ گزشتہ تقریباً تین برس سے اسی ایئرلائن کے ساتھ خدمات انجام دے رہا ہے اور اس دوران کبھی کسی پرواز میں ناکامی کا سامنا نہیں کیا۔
دوسری جانب میکسیکو سٹی کے بینیٹو جواریز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ شہری ہوابازی کے متعلقہ ادارے اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق یہ واقعہ سہ پہر 3 بجے اس وقت پیش آیا جب طیارہ جنوب مشرقی میکسیکو کے سیاحتی شہر کینکن کے لیے روانہ ہونے والا تھا۔
میکسیکو کے مقامی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ تمام مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا۔



