نیویارک (23 دسمبر 2025): امریکا میں ستمبر 2024 میں آنے والے ایک ہولناک سمندری طوفان کے دوران لاپتہ ہونے والی پالتو بلی 443 دن بعد بحفاظت اپنے مالکان کو مل گئی، جسے ایک غیر معمولی اور حوصلہ افزا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق 26 ستمبر 2024 کو ’’ہیلین‘‘ نامی طاقتور سمندری طوفان فلوریڈا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا تھا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، سینکڑوں افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئے اور بے شمار پالتو جانور بھی اپنے گھروں سے بچھڑ گئے تھے، انہی میں گیبی نامی بلی بھی شامل تھی جس کے مالکان نے شدید تلاش کے باوجود اسے مردہ تصور کر لیا تھا، تاہم رواں برس 13 دسمبر کو نارتھ کیرولائنا میں ایوری ہیومن سوسائٹی کے پاس ایک آوارہ بلی لائی گئی جس کے معائنے کے دوران اس میں نصب مائیکرو چِپ اسکین کی گئی، مائیکرو چِپ سے حاصل ہونے والی معلومات کے ذریعے بلی کے اصل مالکان کا سراغ ملا اور تمام تصدیقی مراحل کے بعد گیبی کو اس کے خاندان کے حوالے کر دیا گیا، ماہرین کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف جدید ٹیکنالوجی خصوصاً مائیکرو چِپ کی افادیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ قدرتی آفات کے باوجود بچھڑے ہوئے پالتو جانوروں کی واپسی ممکن ہے، بشرطیکہ درست نظام اور انسانی ہمدردی موجود ہو۔



