اسلام آباد (23 اگست 2025) – نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت متعارف کرائی ہے، جس کے تحت اب عوام پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی درخواست کا اسٹیٹس معلوم کر سکتے ہیں۔
پاک آئی ڈی ایپ کی سہولت
نادرا کے ترجمان کے مطابق اب صارفین کو یہ سہولت میسر ہوگی کہ وہ اپنی ٹریکنگ آئی ڈی درج کر کے شناختی کارڈ، ب فارم، ایف آر سی یا دیگر دستاویزات سے متعلق درخواستوں کی پیش رفت کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی چیک کر سکیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ:
-
پاک آئی ڈی ایپ پر ب فارم، شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت تمام بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں۔
-
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ ایپ نہایت مؤثر اور مفید ثابت ہوگی۔
-
صارفین ویڈیو گائیڈز اور آسان ہدایات کی مدد سے اپنی درخواست کے تمام مراحل پر باخبر رہ سکتے ہیں۔
وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا پر عدالت کا بڑا فیصلہ
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کے حوالے سے نادرا کو فیس وصول کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ:
-
10 لاکھ روپے مالیت تک کی وراثت پر فیس صرف 2 ہزار روپے تک وصول کی جائے۔
-
ایک لاکھ روپے تک کی وراثت پر صرف 1 ہزار روپے فیس مقرر ہوگی۔
-
10 لاکھ روپے سے زائد وراثت کے لیے الگ الگ کیٹیگریز تشکیل دی جا سکتی ہیں۔
عدالت نے مزید ہدایت دی کہ نادرا کی کمیٹی سفارشات اور فیس کے حوالے سے دو ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرے۔
نادرا کی خدمات
یاد رہے کہ نادرا پاکستان میں شہریوں کو شناختی کارڈ، ب فارم، پیدائشی و ڈیتھ سرٹیفکیٹ، اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت دیگر اہم دستاویزات فراہم کرنے والا مجاز ادارہ ہے، جو اب ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی خدمات کو مزید جدید اور عوام دوست بنا رہا ہے۔



