پاکستان ریلویز نے تاریخ میں پہلی بار 115 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل کر لی

Facebook
WhatsApp
Twitter
LinkedIn

لاہور: پاکستان ریلویز نے مالی سال 2025-26 میں اپنی تاریخ کی بلند ترین سالانہ آمدنی حاصل کرتے ہوئے 115.157 ارب روپے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر ریلویز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس ریکارڈ مالی کارکردگی کی تصدیق کی اور بتایا کہ حکومت نے ادارے کے لیے جو اہداف مقرر کیے تھے، وہ کامیابی سے حاصل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے اس کامیابی کو پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب تمام تر توجہ پاکستان ریلویز کو مزید جدید، مؤثر اور خود کفیل ادارہ بنانے پر مرکوز ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ریلویز کی مجموعی آمدنی میں 24.19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مالی سال 2023-24 میں مجموعی آمدنی 88.792 ارب روپے اور 2024-25 میں 92.728 ارب روپے تھی، جو اب مالی سال 2025-26 میں بڑھ کر 115.157 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔

اس طرح صرف ایک سال کے دوران آمدنی میں 22.429 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ دو برسوں میں مجموعی اضافہ 26.365 ارب روپے یا 29.69 فیصد رہا۔

وفاقی وزیر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں مسافروں سے ہونے والی آمدنی 3.37 فیصد اضافے کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 50.590 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

فریٹ (مال برداری) کے شعبے نے بھی غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور اس کی آمدنی ایک سال میں 27.78 فیصد اضافے کے ساتھ 31.914 ارب روپے سے بڑھ کر 40.781 ارب روپے ہو گئی، جو دو سال میں 45 فیصد مجموعی اضافہ ہے۔

اس کے علاوہ سنڈری (متفرق) آمدنی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 91 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 16.401 ارب روپے ریکارڈ کی گئی۔

اس متفرق آمدنی میں پراپرٹی اینڈ لینڈ سے 11.996 ارب روپے، اسکریپ کی فروخت سے 1.966 ارب روپے اور کمرشل سرگرمیوں سے 2.123 ارب روپے حاصل ہوئے، جو ظاہر کرتا ہے کہ ریلویز نے اپنے غیر روایتی ذرائع کو بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلویز کا کیش انفلو 120.070 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کے 96.378 ارب روپے کے مقابلے میں 24.6 فیصد زیادہ ہے، جس سے ادارے کا مالی استحکام اور ورکنگ کیپیٹل مضبوط ہوا ہے۔

اسی طرح اخراجات پر بہتر کنٹرول کی وجہ سے ریلویز کا آپریٹنگ ریشو بھی مسلسل بہتر ہو رہا ہے، جو مالی سال 2023-24 میں 99.5 فیصد اور 2024-25 میں 96.3 فیصد تھا، وہ اب مزید کم ہو کر 2025-26 میں 84.7 فیصد رہ گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریلویز میں جاری اصلاحات کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور اگر یہی رفتار برقرار رہی تو آنے والے برسوں میں پاکستان ریلویز ملک میں محفوظ اور عالمی معیار کی ٹرانسپورٹ سروس کے طور پر ابھرے گی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

🚫

Please Disable Your Ad Blocker

We noticed you're using an ad blocker. Our site relies on ads to keep our content free. Please disable your ad blocker or add this site to your allow list, then refresh the page to continue.