بگ بیش لیگ میں پاکستانی اسٹار بیٹر بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سڈنی سکسرز نے میلبرن رینی گیڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بابر اعظم نے ذمہ دارانہ اور میچ وننگ اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے 46 گیندوں پر 58 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں عمدہ اسٹروکس شامل تھے۔ ان کے ساتھ جوئل ڈیوس نے بھی 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔
اس سے قبل میلبرن رینی گیڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز اسکور کیے۔ میلبرن کی جانب سے جوش براؤن نے 43 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ حسن خان نے 39 اور جیک فریزر نے 38 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مستحکم کیا۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اس میچ میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کی پُراعتماد بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف بآسانی حاصل کر لیا اور پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کر لیا۔



