کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران خواتین اور بچوں سمیت پانچ افراد کھلے نالے میں گر گئے، جنہیں بیہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں ایک تقریب سے واپسی کے دوران خاتون اور بچوں سمیت پانچ افراد اچانک کھلے گٹر میں جا گرے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو نالے سے باہر نکال لیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تین افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق نکاسیٔ آب کے لیے بنائے گئے نالے کی چھت ایک جگہ سے ٹوٹی ہوئی تھی، اور متاثرہ افراد اسی ٹوٹے ہوئے حصے سے نالے میں گرے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہریوں نے کھلے نالوں اور ٹوٹی ہوئی چھتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کھلے نالوں کو فوری طور پر ڈھانپا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔



