بینظیر ہنرمند پروگرام شروع، مستحق خاندانوں کیلئے بڑی خوشخبری

Facebook
WhatsApp
Twitter
LinkedIn

اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت بینظیر ہنرمند پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک بھر میں مستحق خاندانوں کی مالی معاونت کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی طور پر خود مختار بنانے کے لیے مختلف فلاحی اقدامات بھی کر رہا ہے۔

اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر بینظیر ہنرمند پروگرام متعارف کروایا گیا ہے، جس کا مقصد مستحق افراد کو فنی مہارتیں فراہم کر کے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔

اس حوالے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل این ایس ای آر ڈاکٹر عاصم اعجاز نے مستفید ہونے والے خاندانوں کے لیے ایک اہم ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

ڈاکٹر عاصم اعجاز کے مطابق بینظیر ہنرمند پروگرام کا مقصد یہ ہے کہ بینیفشریز کو مختلف ہنر سکھا کر انہیں روزگار کے قابل بنایا جائے تاکہ وہ اپنی آمدن میں اضافہ کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں سندھ حکومت کے تعاون سے سندھ کے 28 اضلاع میں فنی تربیتی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا ہے، جہاں مختلف شعبوں میں مہارتوں کی تربیت دی جائے گی۔

ڈی جی بی آئی ایس پی نے بینظیر کفالت پروگرام سے مستفید ہونے والے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر جا کر بینظیر ہنرمند پروگرام میں رجسٹریشن مکمل کروائیں۔

ان کے مطابق بروقت رجسٹریشن سے بینیفشریز اس تربیتی پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے اور مستقبل میں بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ بینظیر ہنرمند پروگرام میں شرکت سے بینظیر کفالت پروگرام کی اہلیت متاثر نہیں ہوگی۔

یہ اقدام مستحق خاندانوں کی آمدن میں اضافہ، معاشی استحکام اور بہتر مستقبل کی فراہمی کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے