آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان مچل مارش نے بگ بیش لیگ میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے کے باوجود پاکستانی اسٹار بیٹر بابر اعظم کو ایک بار پھر ورلڈ کلاس کھلاڑی قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مچل مارش نے کہا کہ اگرچہ بابر اعظم سڈنی سکسرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنی بہترین فارم میں نظر نہیں آئے، تاہم ان کی کلاس اور قابلیت پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر ایک طویل عرصے سے عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں اور مشکل حالات میں بھی دنیا کے بہترین بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔
بابر اعظم کو سڈنی سکسرز نے بگ بیش لیگ کے لیے سائن کیا تھا، جہاں انہوں نے 11 اننگز میں 202 رنز اسکور کیے۔ اس دوران ان کی اوسط 22.44 اور اسٹرائیک ریٹ 103.06 رہا، جبکہ ان کی اننگز میں دو نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔
بی بی ایل کے ناک آؤٹ مرحلے سے قبل بابر اعظم قومی ذمہ داریوں کے باعث وطن واپس لوٹ آئے، جہاں وہ 29 جنوری سے یکم فروری تک لاہور میں شیڈول ہوم سیریز کی تیاری کریں گے۔
مچل مارش نے مزید کہا کہ بگ بیش لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت دیکھ کر خوشی ہوئی اور انہیں امید ہے کہ ان کھلاڑیوں نے آسٹریلیا میں کھیلتے ہوئے قیمتی تجربہ حاصل کیا ہوگا۔



