لاہور میں کھلے گٹر اور مین ہولز شہریوں کی جان کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں، جس کے پیش نظر واسا لاہور نے اہلِ لاہور سے ایک اہم اپیل جاری کی ہے۔ واسا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے پیاروں کی زندگی کا تحفظ کریں اور اگر ان کے گلی یا محلے میں کسی جگہ گٹر کا ڈھکن موجود نہ ہو یا ٹوٹا ہوا ہو تو فوری طور پر اطلاع دیں۔
واسالاہور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ کھلے مین ہولز حادثات کا سبب بن سکتے ہیں، اس لیے شہری کسی بھی قسم کی لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کریں۔ اگر کہیں گٹر کا ڈھکن غائب یا خراب حالت میں ہو تو واسا کے متعلقہ دفتر میں فوراً شکایت درج کروائیں تاکہ بروقت کارروائی کی جاسکے۔
ادارے کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ شہری مختلف ذرائع سے اس اہم مسئلے کی اطلاع دے سکتے ہیں۔ واسا لاہور نے رابطہ نمبر بھی فراہم کیے ہیں تاکہ رہائشی کسی بھی وقت معلومات حاصل کر سکیں یا شکایت درج کرا سکیں۔

پوسٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص مین ہول کا ڈھکن چوری کرتے، خریدتے یا فروخت کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف اقدامِ قتل کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ واسا نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھوڑی سی توجہ بڑے حادثے سے بچا سکتی ہے۔



