پشاور: رمضان المبارک سے قبل خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ صوبائی حکومت نے تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے درکار فنڈز کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد مالی مشکلات کا شکار ملازمین کو ریلیف ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے محکمہ خزانہ نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے ایک ارب 36 کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ منظور کر لی ہے۔ اس گرانٹ کے ذریعے صوبے کی 77 تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز مارچ 2026 تک اپنے ملازمین اور پنشنرز کو ادائیگیاں کر سکیں گی۔
ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ رقم 18 کروڑ روپے ٹی ایم اے پشاور سٹی کے لیے مختص کی گئی ہے، جبکہ بنوں، مردان، ڈی آئی خان، کوہاٹ، سوات، چارسدہ اور دیگر تحصیلوں کو بھی اضافی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرانٹ کے استعمال کو مکمل طور پر مالی اور قانونی قواعد کے مطابق یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی قسم کی بے ضابطگی نہ ہو۔ ملازمین کی جانب سے اس فیصلے کو رمضان سے قبل ایک اہم اور مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔



