اوکاڑہ (4 جولائی 2026): محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے دہشتگرد کو بارودی مواد سمیت گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کا سہولتکار گرفتار کیا گیا، دہشت گرد سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، تین بیٹریاں، دو موبائل فونز، پاکستانی و بھارتی کرنسی برآمد کیے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ستھگرہ موڑ کے قریب کارروائی کی گئی، دہشتگرد کی شناخت علی خان کے نام سے ہوئی جو پشاور کا رہائشی ہے، اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
یاد رہے کہ 12 اپریل 2026 کو کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا مطلوب دہشتگرد نور عالم عرف وفادار کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز بارودی مواد برآمد ہوا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشتگرد 2014 میں مفتی نور ولی گروہ میں شامل ہوا تھا اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہا۔ دہشتگرد کا 2021 میں لیویز چیک پوسٹ مکین پر حملے میں ملوث ہونے کا انکشاف بھی سامنے آیا۔ اس حملے میں دہشتگرد کے دو ساتھی ہلاک، جب کہ 6 اہلکار اغوا کیے گئے تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا تھا کہ گرفتار دہشتگرد آئی ای ڈیز نصب کرنے اور دھماکوں میں بھی ملوث رہا۔ آپریشن کے بعد افغانستان فرارہوا اور دہشتگردی نیٹ ورک سے منسلک رہا ہے۔
اس کے علاوہ یہ کمانڈر بلال عرف طوفان کی ہدایات پر دہشتگردی سرگرمیوں میں شامل رہا اور یہ اب کراچی میں روپوش ہو کر نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔



