جامشورو کے شاہی بازار میں واقع لیڈیز بازار میں بچوں کے درمیان ہونے والے معمولی جھگڑے نے اس وقت سنگین صورتحال اختیار کر لی جب دونوں بچوں کے اہل خانہ اور دیگر افراد آمنے سامنے آ گئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے تنازع دو گروپوں کے درمیان تصادم میں تبدیل ہوگیا۔
تصادم کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں متعدد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ واقعے کے بعد شاہی بازار اور گرد و نواح میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



