اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان نے کہا ہےکہ کشمیری عوام کی محرومیاں دور کریں گے اور آزاد کشمیر کے فیصلے وہیں ہوں گے۔
آزاد کشمیر سے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، ان کے ساتھ پارٹی میں شامل ہونے والوں میں کرنل محبوب ، علی خان سونی ، ملک ذوالفقار، صاحبہ صدیق ، ریاض گجر ، طاہر کھوکھر ، راجہ طالب ، مرتضیٰ علی احمد ، جبار مغل ، تقدیس گیلانی اور دیگر بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ کشمیری عوام کی محرومیوں کا خاتمہ، معیاری تعلیم، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شفاف طرزِ حکمرانی استحکام پاکستان پارٹی کی اولین ترجیحات ہیں، آزاد کشمیر کے فیصلے آزاد کشمیر کے عوام کی خواہشات اور مفادات کے مطابق ہوں گے، کشمیری عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے، کشمیری بہن بھائیوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا اور آزاد کشمیر کے 100 فیصد بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے کیونکہ صرف باتوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر انہیں حکومت بنانے کا موقع ملا تو میرٹ، شفافیت اور عوامی خدمت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کو جمہوری انداز میں قبول کریں، کامیابی پر شائستگی اور شکست پر تحمل کا مظاہرہ کریں، برسوں اقتدار میں رہنے والی جماعتیں آج بھی عوامی محرومیوں کی ذمہ دار ہیں جو جماعتیں دو، دو اور تین، تین مرتبہ حکومت میں رہیں، وہ آج ہم سے سوالات کررہی ہیں، حالانکہ انہیں اپنی کارکردگی کا جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کبھی ہار نہیں مانی اور نہ ہی مشکل حالات میں گھبرائے، انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم سے کہا تھا کہ انہیں وزارتِ مواصلات پر مکمل توجہ دینے کا موقع دیا جائے تاکہ ملک کے انفرا اسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔



