کراچی (5 جولائی 2026): شہر قائد کی عوامی کالونی میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی ہو گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے عوامی کالونی میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت اطہر اور عبدالرزاق کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کو رُکنے کا اشارہ کیا، تاہم انہوں نے پولیس کو دیکھ کر رفتار تیز کر دی۔ اہلکاروں نے تعاقب کیا اور فائرنگ کر دی۔ پولیس کی فائرنگ کے بعد کچھ لوگوں نے زخمی نوجوانوں پر تشدد بھی کیا۔
دوسری جانب عوامی کالونی کے رہائشیوں نے پولیس کیخلاف احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے بے گناہ نوجوانوں پر فائرنگ کی۔ اہل علاقہ نے متعلقہ ایس ایچ او اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
دریں اثنا ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ غفلت یا اختیارات کا ناجائز استعمال ثابت ہوا تو، ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔



