لاہور میں غیر ملکی دو خواتین کے اغوا اور مبینہ زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق متاثرہ خواتین کی بازیابی کے لیے موصول ہونے والی اطلاع کے بعد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور گاڑی کی لوکیشن کا ریکارڈ استعمال کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا
پولیس کے مطابق دونوں خواتین 26 جون کو اسلام آباد پہنچیں اور 29 جون کو لاہور آئیں۔ تحقیقات کے دوران ان کی گاڑی کی نقل و حرکت کا مکمل ریکارڈ حاصل کیا گیا، جس کی بنیاد پر سرگودھا میں ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ وہاں موجود افراد نے بتایا کہ ملزم رضا ڈار نائب وزیراعظم کے رشتہ دار ہیں، جس کے بعد گاڑی کی لوکیشن اور دیگر شواہد کی مدد سے رضا ڈار کو ٹریس کر لیا گیا۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ متعلقہ سفارت خانوں سے رابطے کے بعد متاثرہ خواتین میڈیکل معائنے اور عدالت میں دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرانے پر آمادہ ہوئیں۔ بعد ازاں تفتیش کے دوران اہم شواہد اور برآمدگیاں بھی ہوئیں، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات میرٹ پر جاری ہیں اور تمام ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔



